سوال کیا برتھڈے منانا درست ہے اور اس موقع پر جو کیک کاٹا جاتا ہے اسکا کھانا کیسا ہے؟
الجواب بعون الملک الوھاب
حضور صلی اللہ تعالی علیہ وسلم کے ماہ میلاد مبارک میں یا آپ کی ولادت کی ساعت سعید کے موقع پر خوشیاں منانا عمدہ سے عمدہ کھانا مسلمانوں کو کھلانا صدیوں سے خوش عقیدہ مسلمانان عالم میں رائج و معمول اور بارگاہ رسالت میں مقبول ہے ۔
اور ظاہر ہے کہ کیک کاٹ کر بنیت حسن کھلانا بھی کارثواب اور بارگاہ رسالت میں اس کا ہدیہ کرنا یقینا محل قبول میں ہے . مگر کیک کاٹنے کو جو طریقہ مسلمانوں میں نصاری کی تقلید میں رائج ہوچکا ہے کہ محرم غیر محرم بلا امتیاز اس موقع سے شریک ہوتے ہیں ؛ کیک میں نام لکھا جاتا ہے پھر خاص اس نام پر چھری چلائی جاتی ہے ؛ چاروں طرف سے تالیوں کے شور و شرابا ہوتے ہیں مخصوص طرز کے ساتھ نغمہ محرم و غیر محرم سب مل کر دھڑلے سےگاتے ہیں یہ طریقہ البتہ ناجائز و گناہ اور تقلید یہود و نصاری ہے جس سے احتراز لازم ہے تو مولد النبی صلی اللہ تعالی علیہ وسلم کے موقع سے یہ بدرجۂ اولی ممنوع و ناجائز ہوگا.
خلاصہ یہ کہ کیک کاٹ کر مسلمانوں کو کھلانا اپنی حد ذات میں جائز اور بنیت حسن محمود و بنیت ایصال ثواب علی حسب المدارج مستحب و متبرک ہوجاتا ہے . اور طریقۂ معہودہ کے ساتھ ہو تو ممنوع و ناجائز ہے ۔
واللہ اعلم بالصواب