سوال کیا فرماتے ہیں علماۓ دین و مفتیان شرع متین کہ کھانا کھانے کے بعد انگلیوں کو چاٹنا کیسا ہے اور چاٹنے کا کیا طریقہ ہے؟
الجواب بعون الملک الوہاب
روایات میں آتا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تین انگلیوں سے کھانا تناول فرماتے تھےاور کھانے کے بعد ان کو چاٹ لیا کرتے تھے اور انگلیوں کو چاٹنے کی ترتیب یہ ہوتی تھی کہ پہلے درمیان والی انگلی (بڑی انگلی) کو چاٹتے تھے، پھر اس کے ساتھ والی (شہادت کی انگلی) اور اخیر میں انگوٹھے کو۔
(المعجم الأوسط (2/ 180)
"عن محمد بن كعب بن عجرة، عن أبيه قال: «رأيت رسول الله صلى الله عليه وسلم يأكل بأصابعه الثلاث: بالإبهام، والتي تليها، والوسطى، ثم رأيته يلعق أصابعه الثلاث قبل أن يمسحها، ويلعق الوسطى، ثم التي تليها، ثم الإبهام»”.
(المعجم الأوسط للطبراني ۱؍۴۴۸ رقم: ۱۶۴۹)
کھانا کھانے کے بعد انگلیوں کو چاٹنا سنت ہے۔ بعض روایات میں تین مرتبہ چاٹنابھی ثابت ہے اور بعض روایات میں اس کی ترتیب بھی وارد ہوئی ہے کہ پہلے درمیانی انگلی، پھر انگشتِ شہادت پھر انگوٹھا مبارک کو چاٹ لیتے تھے۔
مسلم شریف میں کھانا کھانے کے بعد انگلیاں چاٹنے کی وجہ بھی بیان کی گئی ہے۔ حضرت پاک صلی اللہ علیہ وسلم نے انگلیاں چاٹنے کی ترغیب دیتے ہوئے ارشاد فرمایا:
فَإِنَّهُ لَا يَدْرِيْ فِيْ أَيِّ طَعَامِهِ الْبَرَكَةُ․
(صحیح مسلم: رقم الحدیث2033)
کہ انسان نہیں جانتا کہ اس کے کھانے کے کس حصہ میں اللہ تعالیٰ نے برکت رکھی ہے۔ ممکن ہے کہ کھانے کا یہی حصہ زیادہ بابرکت ہوجو انگلیوں کے ساتھ لگ گیا ہے۔ لہٰذا ان کو چاٹنے کا حکم دیاہے۔
حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اﷲ علیہ و آلہٖ و سلم نے فرمایا : ’’ جب تم میں سے کوئی کھانا کھائے تو وہ اپنا ہاتھ نہ پونچھے یہاں تک کہ اسے (انگلیاں ) چاٹ لے یا چٹوالے ‘‘۔
( صحیح مسلم ، الاشربۃ ، باب استحباب لعق الاصابع حدیث : 2031 )
فقط واللہ اعلم بالصواب