جمعہ کے احکامات اور فضیلت
اے وہ لوگو جو ایمان لائے ہو! جمعہ کے دن نماز کی اذان دی جائے تو تم اللہ کے ذکر کی طرف دوڑ پڑو اور خرید و فروخت چھوڑ دو یہ تمہارے حق میں بہت ہی بہتر ہے اگر تم جانتے ہو ۔
سورہ جمعہ آیت نمبر09
جمعہ سے اگلے جمعہ تک گناہ معاف
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا :’’ جو شخص جمعہ کے دن غسل کرے اور خوب اچھی طرح مقدور بھر صفائی کرے اور تیل لگائے اور اپنے گھر میں موجود خوشبو لگائے ، پھر اپنے گھر سے (جمعہ کے لیے) روانہ ہو ، اور (مسجد میں آ کر) دو بیٹھے ہوئے آدمیوں کو (ان کی جگہ سے) نہ ہٹائے ، پھر جس قدر مقدور ہو نماز پڑھے اور جب امام خطبہ شروع کر دے تو پھر خاموش ہو جائے تو اس کے اس حاضر اور دوسرے جمعہ کے درمیان والے گناہ بخش دیے جاتے ہیں ۔‘‘ رواہ البخاری ۔
مشکوٰة المصابیح 1381
با جماعت جمعہ ادا کرنا فرض ہے
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا :’’ ہر مسلمان پر با جماعت جمعہ ادا کرنا فرض ہے ۔ سوائے چار کے ، عبد مملوک ، عورت ، بچے ، یا مریض کے ۔‘‘ ابوداؤد
مشکوٰة المصابیح 1377
بہترین دن ، جمعہ کا دن ہے
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا :’’ تمام ایام سے بہترین دن ، جمعہ کا دن ہے ، اسی دن آدم علیہ السلام پیدا کیے گئے اسی روز جنت میں داخل کیے گئے اسی روز اس سے نکالے گئے اور قیامت بھی جمعہ ہی کے روز قائم ہو گی ۔‘‘ رواہ مسلم ۔
مشکوٰة المصابیح 1356
دوران خطبہ
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا :’’ جب تم نے دوران خطبہ کسی ساتھ والے شخص سے (بس اتنا) کہہ دیا کہ خاموش ہو جاؤ تو تم نے لغو کام کیا ۔‘‘ متفق علیہ ۔
مشکوٰة المصابیح 1385
لغو کام
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا :’’ جو شخص وضو کرے اور اچھی طرح وضو کر کے جمعہ کے لیے آئے اور خاموشی سے غور کے ساتھ خطبہ سنے تو اس کے اس اور دوسرے جمعہ کے درمیان والے اور مزید تین دن کے گناہ بخش دیے جاتے ہیں ۔ اور جو کنکریوں سے کھیلتا رہے تو اس نے لغو کام کیا ۔‘‘
مشکوٰة المصابیح 1383
فرشتوں کے رجسٹر
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا :’’ جب جمعہ کا دن ہوتا ہے تو فرشتے مسجد کے دروازے پر کھڑے ہو جاتے ہیں اور آنے والوں کو ترتیب وار لکھتے جاتے ہیں ۔ اور سب سے پہلے آنے والا اس شخص کی طرح (اجر و ثواب پاتا) ہے ۔ جو اونٹ کی قربانی کرتا ہے ۔ پھر اس کے بعد والا اس شخص کی طرح ہے جو گائے کی قربانی کرتا ہے ۔ پھر اس کے بعد والا بھیڑ کی قربانی کرنے والے کی طرح ۔ پھر مرغی اور پھر اس کے بعد آنے والا ایسے جیسے کوئی انڈا صدقہ کرے ۔ جب امام منبر پر آ جاتا ہے تو وہ اپنے رجسٹر بند کر دیتے ہیں اور غور سے خطبہ سنتے ہیں ۔‘‘ متفق علیہ ۔
مشکوٰة المصابیح 1384
لوگ جمعے چھوڑنے سے باز آ جائیں
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو منبر کی سیڑھیوں پر فرماتے ہوئے سنا :’’ لوگ جمعے چھوڑنے سے باز آ جائیں ورنہ اللہ ان کے دلوں پر مہر لگا دے گا اور پھر وہ غافلین میں سے ہو جائیں گے ۔‘‘ رواہ مسلم ۔
مشکوٰة المصابیح 1370
نور ہی نور
ابوسعید خدری رضي اللہ تعالی عنہ بیان کرتے ہیں کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :
جس نے جمعہ کی رات سورۃ الکھف پڑھی اس کے اور بیت اللہ کے درمیان نور کی روشنی ہوجاتی ہے۔
رواه الحاكم ( 2 / 399 ) ومعرفة السنن و الآثارللبيهقي ( ج4 ص 418)
اس گھڑی کو تلاش کریں
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا :’’ اس گھڑی کو تلاش کریں جس کے بارے میں امید کی جاتی ہے کہ وہ جمعہ کے روز بعد نماز عصر سے غروب آفتاب تک ہوتی ہے ۔‘‘ ، رواہ الترمذی ۔
مشکوٰة المصابیح 1360
اللہ ﷻ ہم سب کو نیکیاں کرنے کی توفیق عطا فرماۓ اور لغویات سے محفوظ فرماۓ
آمین یا رب العالمین