سوال : توحید کسے کہتے ہیں ؟
جواب : اللہ تعالیٰ کو اُس کی ذات و صِفات اور اَحکام و اَفعال میں شریک سے پاک ماننا توحید ہے ۔
سُوال : شرک کے کیا معنیٰ ہیں ؟
جواب : شرک کا معنیٰ ہے : اللہ عَزَّوَجَلَّ کے سوا کسی کو واجِبُ الوُجُود یامستحقِ عبادت (کسی کو عبادت کے لائق ) جاننا یعنی اُلُوہِیَّت میں دوسرے کو شریک کرنا اور یہ کفر کی سب سے بد ترین قسم ہے ۔ اس کے سوا کوئی بات کیسی ہی شدید کفر ہو حقیقۃً شرک نہیں ۔
سوال : واجِبُ الوُجُود کسے کہتے ہیں ؟
جواب : واجِبُ الوُجُود ایسی ذات کو کہتے ہیں جس کا وُجود(یعنی ’’ ہونا ‘‘ ) ضَروری اور عَدَم مُحال (یعنی نہ ہونا غیر ممکن) ہے یعنی (وہ ذات)ہمیشہ سے ہے اور ہمیشہ رہے گی، جس کو کبھی فنا نہیں ، کسی نے اِس کو پیدا نہیں کیا بلکہ اِسی نے سب کو پیدا کیا ہے ۔ جو خود اپنے آپ سے موجود ہے اور یہ صرف اللہ عَزَّوَجَلَّ کی ذات ہے ۔ (ہمارا اسلام)